پشاور:پشاور ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کارکن نادیہ خٹک کو 21 جنوری تک حفاظتی ضمانت دے دی اور کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کرنے کا حکم جاری کردیا۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی خاتون رہنما نادیہ خٹک کی مقدمات کی تفصیل اور حفاظتی ضمانت کے لیے دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔ سماعت جسٹس کامران حیات میاں خیل اور جسٹس ڈاکٹر خورشید اقبال نے کی۔
عدالت نے وفاقی حکومت اور دیگر متعلقہ اداروں سے درخواست گزار کے خلاف درج مقدمات کی رپورٹ طلب کرلی۔ عدالت نے نادیہ خٹک کو 21 جنوری تک حفاظتی ضمانت دیتے ہوئے نادیہ خٹک کو کسی بھی درج مقدمے میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا۔
وکیل درخواست گزار نے کہا کہ درخواست گزار کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں لیکن تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
جسٹس کامران حیات نے کہا کہ ہم وفاق سے مقدمات کی تفصیل طلب کررہے ہیں۔
بعدازاں عدالت نے وفاقی حکومت اور دیگر فریقین درخواست گزار کے خلاف درج مقدمات کی رپورٹ آئندہ سماعت پر طلب کرلی۔