انگلینڈ سے تعلق رکھنے والی کاروں کی شوقین خاتون کو دنیا کی سب سے زیادہ کاریں جمع کرنے والی خاتون کا اعزاز حاصل ہے۔
ایوشیم ٹاؤن سے تعلق رکھنے والی 70 سالہ جین ویٹزمین نے ایک بہت بڑا 65 گاڑیوں والا گیراج بنایا ہے جس میں انہوں نے گاڑیاں جمع کرتے ہوئے اپنی پوری زندگی گزار دی ہے۔
ان کے گیراج میں موٹر سائیکلیں، اسکوٹر اور کاریں شامل ہیں۔ ان کے پاس ایک ایسی بھی گاڑی ہے جو لکڑی سے بنی ہوئی ہے۔
خاتون کے مجموعے میں دنیا کی تیز ترین کاریں بھی موجود ہیں جن میں ٹویوٹا 2000GT، کلاسک وانوال اور Ford GTD 40 شامل ہیں۔
جین نے بتایا کہ وہ ان سب کو باقاعدگی سے استعمال کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میرے والد جیگوار کمپنی کی گاڑیوں کے بہت شوقین تھے۔ پھر میں اور میرے بھائی میں بھی یہ شوق پیدا ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ میرے مرحوم شوہر کو بھی گاڑیاں بہت پسند تھیں اور میں اپنی زندگی میں اب تک گاڑیاں جمع کررہی ہوں۔
جین نے مزید کہا کہ میں نے اور میرے شوہر نے گاڑیاں جمع کرنا شروع کیں اور یہیں سے تعداد آگے بڑھتی رہی۔ میں چھ سال پہلے یہاں ایوشیم میں شفٹ ہوئی اور 65 کاروں کا گیراج بنایا۔
خاتون کا مزید کہنا تھا کہ میرے پاس 50 گاڑیاں ہیں جو سب چلتی ہیں اور باقاعدگی سے استعمال ہوتی رہتی ہیں۔ میری پسندیدہ 1999 کی فورڈ ایف 150 لائٹننگ پک اپ ہے جبکہ میری دوسری پسندیدہ ڈاٹسن 240 زیڈجی ہے۔