کشتی حادثہ؛ شہریوں کو یورپ بھجوانے والا افغان انسانی اسمگلر گرفتار

ایبٹ آباد: شہریوں کو لیبیا کے راستے یورپ بھجوانے والا انسانی اسمگلر گرفتار کرلیا گیا، جس کا تعلق افغانستان سے ہے۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق کمپوزٹ سرکل ایبٹ آباد نے انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی کرتے ہوئے افغان انسانی اسمگلر کو گرفتار کرلیا، جس کی شناخت افسر خان کے نام سے ہوئی اور اس کا تعلق افغانستان سے ہے۔

ملزم انسانی اسمگلنگ میں ملوث بدنام زمانہ ایجنٹ قاری جان محمد کا بھائی ہے۔ ہری پور سے گرفتار کیا گیا افغان ملزم شہریوں کو سمندر کے راستے غیر قانونی طریقے سے لیبیا کے ذریعے یورپ بھجوانے میں ملوث ہے۔

ملزم کے موبائل فون سے سمندر کے ذریعے شہریوں کو یورپ بھجوانے سے متعلق شواہد برآمد کرلیے گئے۔ اس کے علاوہ فون سے متاثرین اور ایجنٹوں سے روابط کے شواہد بھی برآمد ہوئے ہیں۔ ایف آئی اے حکام نے ملزم سے تفتیش کا آغاز کردیا ہے اور دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ یونان کشتی حادثے میں ملوث عناصر کے خلاف انٹیلیجنس بیسڈ کریک ڈاون جاری ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔ کسی بھی شخص کو معصوم لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں