اسپیکر ایاز صادق نے مذاکراتی کمیٹیوں کا اجلاس طلب کرلیا، پی ٹی آئی کا صاف انکار

اسلام آباد:اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے مذاکراتی کمیٹیوں کا اجلاس 28 جنوری 2025 کو طلب کرلیا ہے تاہم پی ٹی آئی نے شرکت سے صاف انکار کر دیا ہے۔

اجلاس کی صدارت اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کریں گے جو کہ دن پونے 12 بجے پارلیمنٹ ہاؤس کے کمیٹی روم پانچ میں اِن کیمرہ ہوگا۔

مذاکراتی کمیٹی اجلاس سے متعلق پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اب کسی اور میٹںگ میں شریک نہیں ہوگی، لمبی شارج شیٹ کے باوجود بانی نے مذاکرات کا کہا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے تحریری مطالبات مانگے وی بھی دے دیے، حکومت کمیشن کا اعلان کرے تو ہم فیصلے پر نظرثانی کر لیتے ہیں۔

اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ ہم نے انہیں موقع دیا مگر انہوں نے کچھ نہیں کیا، یہ خود اپنی چائے پی لیں لیکن ہم نہیں جائیں گے۔
قبل ازیں، پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے قبل صحافیوں سے گفتگو میں چیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ مذاکرات کی بحالی پر دوبارہ غور کرنے کے لیے حکومت کمیشن کا اعلان کرے، ابھی کس چیز نے روکا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ عمران خان نے مذاکرات ہولڈ کیے ہیں اس لیے حکومت کم سے کم یہی کہہ دے کہ کمیشن بننے جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ یہ مذاکراتی کمیٹی کا چوتھا اجلاس ہوگا جبکہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیر اعظم نے حکومت کے ساتھ جاری مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

اس حوالے سے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ آج بانی پی ٹی آئی عمران خان سے میری اور دیگر وکلاء کی ملاقات ہوئی ہے، خان صاحب نے پہلے بھی حکومت کو 7دن کا وقت دیا تھا، بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ آج اگر حکومت نے کمیشن کا اعلان نہ کیا تو ہمارے مذاکرات ختم ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں