کینیڈا کے ایک نئے مطالعے سے پتہ چلتا ہے کہ جن لوگوں کو چرس کے زیادہ کے استعمال کی وجہ سے ایمرجنسی میں یا اسپتال میں داخل کرانا پڑتا ہے، ان میں پانچ سال کے اندر اندر موت کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
یہ مطالعہ جاما نیٹ ورک اوپن میں شائع ہوا جس میں محققین نے کہا کہ چرس کے زیادہ استعمال اور ایسی مصنوعات کی طاقت میں نمایاں اضافہ صحت عامہ کی تشویش کے طور پر اس مسئلے کی سنگینی کو واضح کرتا ہے۔
یہ مسئلہ نوجوان آبادی میں خاص طور پر تشویشناک ہے کیونکہ چرس کو قانونی حیثیت دینے کے بعد اس کی کمرشل مارکیٹنگ میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔
مطالعہ کے سرکردہ مصنف، ڈاکٹر ڈینیئل میران نے بتایا کہ دنیا بھر میں چرس کا استعمال تیزی سے بڑھ رہا ہے اور اب کینیڈا اور امریکا میں روزانہ شراب پینے سے زیادہ لوگ چرس کا استعمال کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ چونکہ چرس کے استعمال میں اضافے سے جلد موت کا بڑھتا ہوا خطرہ بھی اس سے منسلک ہے، خاص طور پر نوجوان آبادی میں، تو یہ ضروری ہے کہ ہم اسے شناخت کریں اور صحت عامہ کے اس مسئلے پر کام کرنا شروع کریں۔