کراچی:شہر قائد میں ڈاکو نے ایک اور محنت کش کو سرعام قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق کورنگی ایک ڈھائی میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شہری سعداللہ کی ہلاکت کا واقعہ پیش آیا۔ مقتول اپنے دوست اور بھائی کے ساتھ گھر کے قریب بیٹھا ہوا تھا کہ موٹر سائیکل سوار 3ڈاکو واردات کے بعد فرار ہوئے تو مقتول نے ایک ملزم کو دبوچ لیا۔
ڈاکو نے فائرنگ کی تو ایک گولی مقتول کے پیٹ میں لگی، جس سے وہ شدید زخمی ہوا۔ بعد ازاں اسے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکا۔
علاقہ مکینوں نے فائرنگ کرنے والے ملزم کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا۔
مقتول سعداللہ سرکاری ادارے کے ریٹائرڈ افسر کا بیٹا، ایک بچے کا باپ اور 3بھائیوں سے سب سے بڑا تھا ۔ مقتول کا آبائی تعلق گجرنوالہ سے تھا۔
زمان ٹاؤن تھانے کے علاقے کورنگی نمبر ڈھائی چنیوٹ اسپتال کے قریب ڈاکو کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے سعد اللہ کی عمر 40 سال تھی، جو کہ محنت کش اور وائی ایریا کا رہائشی تھا۔
حکومت ڈاکوؤں کو لگام دے، مقتول کے والد کی دہائی
کورنگی نمبر ڈھائی میں ڈاکوؤں کو پکڑنے کی کوشش میں ڈاکو کی فائرنگ سے قتل ہونے والے نوجوان سعد اللہ کے والد نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کراچی میں ڈاکوؤں کو لگام دے۔
مقتول کے والد اسلم نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ میرا بیٹا سعد اللہ ایک فیکٹری میں ملازمت کرتا تھا، تاہم کچھ دنوں سے بے روزگار تھا۔ تین بھائیوں میں سب سے بڑا اور ایک 13 سالہ بیٹے کا باپ تھا۔
انہوں نے بتایا کہ میں ایک بنگلے پر کام کرتا ہوں اور اپنے گھر کا کفیل ہوں۔ گزشتہ شب نائٹ ڈیوٹی پر گیا ہوا تھا تو مجھے گھر سے اطلاع ملی کہ سعد اللہ ڈاکو کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگیا ہے۔
مقتول کے ورثا نے حکومت سے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔