پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی ڈی ریگولیشن پر کام کر رہے ہیں، مصدق ملک

وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ ملک کے توانائی کے شعبے میں تبدیلی لا رہے ہیں، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی ڈی ریگولیشن پرکام کر رہے ہیں اورتمام غیر ضروری ریگولیشن کو ختم کریں گے۔

اوجی ڈی سی ایل میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا کہ وزیر اعظم نے اداروں کی رائٹ سائزنگ کے لیے کمیٹی تشکیل دے رکھی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی ڈی ریگولیشن پر کام کر رہے ہیں، تمام غیر ضروری ریگولیشن کو ختم کرینگے، اس سلسلے میں وزیر اعظم کی اس حوالے سے واضح ہدایات آچکی ہیں، ایک پیٹرول پمپ کھولنے کیلئے اٹھارہ اداروں کے چکر لگانا پڑتے ہیں۔

مصدق ملک کا کہنا تھا کہ ایک سیاسی جماعت نے ملک کے اخلاقی نظام کو تباہ کر دیا ہے، ان لوگوں نے مادر وطن کی ساکھ کو تباہ کرنے کا فیصلہ کر رکھا ہے، ملک میں یہ ماحول پیدا کرنا درست ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام ختم کرا دو؟

مصدق ملک نے کہا کہ آپ نے ملک کیخلاف کمپین شروع کی ہے، کون کہتا ہے آئی ایم ایف پیسے نہ دے ملک، دیوالیہ ہو؟

مصدق ملک کا مزید کہنا تھا کہ ایک خاص سیاسی ٹولے نے ملک کو ٹارگٹ کرنے کی پالیسی بنا رکھی ہے، چالیس فیصد سے مہنگائی کی شرح تین فیصد پر آچکی، شرح سود کم ہوگیا، مہنگائی کم ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں تبدیلی آرہی اب ملکی وسائل پر انحصار کریں گے، ملک کے توانائی کے وسائل کو جمع کر کے ترقی کریں گے، خاموش انقلاب آپ کے سامنے آرہا ہے۔

وزیر پیٹرولیم کا مزید کہنا تھا کہ تمام غیر ضروری قوانین کو ختم کررہے ہیں، وزہر اعظم نے کہا ہے کہ تمام غیر ضروری ریگولیشنز کو ختم کر دیا جائے، صرف انتہائی ضروری کو رکھنا ہے، باقی سب ختم ہو گا، صرف عوام کو فائدہ دینے والی وزارتیں اور ادارے موجود رہیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں