گووندا اور ان کی اہلیہ سنیتا آہوجا، مبینہ طور پر شادی کے 37 سال بعد طلاق کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر جاری ان قیاس آرائیوں کے درمیان گووندا نے ایک حالیہ انٹرویو میں طلاق کی خبروں پر ردعمل دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق جب ایک میڈیا ادارے کے نمائندے نے گووندا سے ان کی شادی میں دراڑ کا دعویٰ کرنے والی مختلف رپورٹس کی سچائی کے بارے میں پوچھا تو ہیرو نمبر ون اسٹار نے تفصیلات میں جائے بغیر اپنا جواب مختصر رکھا اور کہا کہ ’صرف کاروباری باتیں ہو رہی ہیں، میں اپنی فلمیں شروع کرنے کے مراحل میں ہوں۔‘۔
دوسری جانب ان کی اہلیہ سنیتا نے طلاق کی افواہوں کے بارے میں بھارتی میڈیا ادارے کے پیغام کا جواب نہیں دیا۔
جب بھارتی میڈیا نے گووندا کے مینیجر ششی سنہا سے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا کہ خاندان کے بعض ارکان کی طرف سے دیے گئے کچھ بیانات کی وجہ سے جوڑے کے درمیان مسائل پیدا ہو گئے ہیں۔ اس سے زیادہ کچھ نہیں ہے اور گووندا ایک فلم شروع کرنے کے مراحل میں ہیں جس کے لیے فنکار ہمارے دفتر کا دورہ کر رہے ہیں اور ہم اس مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘۔
واضح رہے کہ مختلف میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ گووندا کی شادی کچھ عرصے سے مسائل کا شکار ہے اور مبینہ طور پر یہ جوڑا کچھ عرصے سے الگ رہ رہا ہے جبکہ علیحدگی کی یہ خبریں اس وقت سامنے آئیں جب سنیتا آہوجا نے چند حالیہ انٹرویوز میں اپنی نجی زندگی کی تفصیلات شیئر کیں۔
خیال رہے کہ گووندا اور سنیتا آہوجا کی شادی مارچ 1987 میں ہوئی اور اب ان کی شادی کو 37 کا عرصہ گزر چکا ہے۔