ایف بی آر میں جدید ٹیکنالوجی استعمال کرکے انسانی مداخلت کو کم سے کم کر رہے ہیں، وزیر خزانہ

پشاور:وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ایف بی آر میں جدید ٹیکنالوجی استعمال کرکے انسانی مداخلت کو کم سے کم کر رہے ہیں،ایف بی آر کی تمام تر توجہ ٹیکس جمع کرنے پر ہونی چاہیے۔

پشاور میں چیمبر آف کامرس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہورہا ہے معاشی استحکام کے ثمرات سامنے آرہے ہیں، ٹیکس اتھارٹی میں شفافیت لارہے ہیں، پالیسی ریٹ میں کمی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پائیدار معاشی استحکام کے لیے بنیادی اصلاحات کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں، ٹیکس پالیسی کا اختیار ایف بی آر سے لے کر فنانس ڈویژن منتقل کیا جاچکا ہے بار بار کہہ چکا ہوں کہ نجی سیکٹر کو ملک کی قیادت کرنی ہے، ایف بی آر میں جدید ٹیکنالوجی استعمال کرکے انسانی مداخلت کو کم سے کم کر رہے ہیں،ایف بی آر کی تمام تر توجہ ٹیکس جمع کرنے پر ہونی چاہیے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ برآمدات پر مبنی معاشی ترقی ہماری ترجیح ہے، شرح سود 23 سے کم ہوکر گیارہ فیصد پر آگئی ہے ہم اسے سنگل ڈیجٹ میں لانے کے لیے پرعزم ہیں، حکومتی اخراجات میں کمی کے لیے رائٹ سائزنگ کی جارہی ہے، آئندہ بجٹ کے لیے تاجروں سے تجاویز حاصل کررہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں