کراچی:امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے بجلی کی قیمت میں کمی نہ ہونے پر عید کے بعد لانگ مارچ اور دھرنوں کا اعلان کردیا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم نے کہا اب حکومت کو طے کرنا ہوگا ریڈ لائن کیا ہے کیونکہ جماعت اسلامی پر کوئی ریڈ لائن نہیں۔ رمضان کے بعد جماعت اسلامی بجلی کے مسئلے پر ایک بہت بڑا لانگ مارچ کریگی۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ بجلی کی فی یونٹ قیمت کم کی جائے، لوگوں کی پوری تنخواہ بجلی کے بلوں میں چلی جاتی ہے۔
انہوں نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پورے ملک میں اس وقت بدانتظامی کی صورتحال ہے اور عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں، جماعت اسلامی کا مطالبہ ہے فارم پینتالیس پر جوڈیشل انکوائری کی جائے، جن پارٹیوں نے آئین کو پامال کیا ہے ان کے خلاف کاروائی ہونی چاہیے۔
حافظ نعیم الرحمان نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی اپنی تحریک پورے پاکستان میں شروع کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ سمیت خیبر پختونخوا میں مسلسل کام جاری ہے اور پہلے مرحلے میں شاہراہوں پر دھرنے دیے جا سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو ریلیف ملنا چاہیے اور حکومت کو اس سلسلے میں اقدامات اٹھانے ہوں گے۔ جماعت اسلامی نے مذاکرات کے نتیجے میں عوام کو ریلیف دلوایا ہے اور اب حکومت کو عوام کے مسائل حل کرنے ہوں گے کیونکہ عوام شدید پریشانی کا شکار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل پر اس وقت صرف جماعت اسلامی ہی آواز اٹھا رہی ہے۔ حافظ نعیم الرحمان نے اعلان کیا کہ دوسرے مرحلے میں جماعت اسلامی مزید قوت کے ساتھ آگے بڑھے گی۔ ملک میں دس کروڑ افراد غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں اور حکومت کو اس پر سنجیدگی سے توجہ دینی ہوگی۔