پنجاب پولیس کو قتل کیس میں مطلوب اشتہاری ملزم سعودی عرب سے گرفتار

لاہور: پنجاب پولیس اور انٹرپول کی مشترکہ کارروائی میں بیرون ملک مفرور قتل و اقدام قتل میں مطلوب اشتہاری ملزم وسیم اسلم کو سعودی عرب سے گرفتار کر کے پاکستان منتقل کر دیا گیا۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق وسیم اسلم نے 2016 میں شہری محمد سلیم کو فائرنگ کر کے قتل کیا تھا جبکہ اس کی فائرنگ سے ایک شخص محمد نعیم زخمی بھی ہوا تھا۔ ملزم گزشتہ نو سال سے تھانہ سٹی گوجرہ ٹوبہ ٹیک سنگھ پولیس کو مطلوب تھا۔

پنجاب پولیس نے انٹرپول کے ذریعے ملزم کے ریڈ نوٹس جاری کروائے، جس کے بعد سعودی عرب پولیس کے ساتھ قریبی روابط کے نتیجے میں اشتہاری کو گرفتار کر لیا گیا۔

رواں سال بیرون ملک سے گرفتار کیے جانے والے خطرناک اشتہاری مجرمان کی تعداد نو ہو چکی ہے جبکہ گزشتہ سال سنگین جرائم میں مطلوب 104 مفرور اشتہاریوں کو بیرون ملک سے گرفتار کر کے پاکستان لایا گیا تھا۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کامیاب کارروائی پر آر پی او راولپنڈی، ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ اور متعلقہ ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے ہدایت کی کہ قانونی کارروائی جلد مکمل کر کے ملزم کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بیرون ملک مفرور خطرناک اشتہاریوں کی گرفتاری کے لیے کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے اور ایف آئی اے و انٹرپول کی مدد سے مزید مفرور مجرمان کی گرفتاری یقینی بنائی جائے.

اپنا تبصرہ بھیجیں