روس نے یوکرین جنگ ختم کرنے کے حوالے سے مذاکرات کے لیے شرائط کی فہرست امریکا کے حوالے کردی۔
غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق روس نے یوکرین کے خلاف جاری جنگ روکنے کے لیے مذاکرات کرنے کے لیے مطالبات امریکا کو پیش کردئیے۔
خبر ایجنسی کے مطابق روس نے یوکرین سے متعلق مذاکرات کے لیے جو شرائط پیش کی ہیں ان میں یوکرین کو نیٹو کی رکنیت نہ دینا اور یوکرین سے غیرملکی افواج کا انخلا شامل ہیں۔ دیگر شرائط کے بارے میں تفصیلات سامنے نہیں آ سکی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق روسی اور امریکی حکام گزشتہ 3 ہفتوں کے دوران روس کی شرائط سے متعلق ملاقاتوں اور ورچوئلی تبادلہ خیال کرچکے ہیں۔ روس نے یہ واضح بھی نہیں کیا کہ وہ شرائط تسلیم کیے جانے سے قبل یوکرین سے متعلق امن مذاکرات شروع کرے گا یا نہیں۔
اس سے قبل سعودی عرب میں یوکرین کے حوالے سے ہونے والے مذاکرات میں امریکا بھی اپنی شرائط پیش کرچکا ہے جس میں یوکرین سے اس کے معدنی وسائل کا معاہدہ بھی شامل تھا۔