راولپنڈی:اے این ایف نے مختلف شہروں میں کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 8 کارروائیوں میں 10 ملزمان کو گرفتار کرکے 16 کروڑ سے زائد مالیت کی 588.072 کلو گرام منشیات برآمد کرلی۔
ناظم آباد کراچی میں ایک ملزم کے قبضے سے 2 کلو گرام چرس برآمد کی گئی، جبکہ گرفتار ملزم نے تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا۔
اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دوحہ جانے والے مسافر کے ٹرالی بیگ میں چھپائی گئی 1.172 کلو گرام آئس برآمد کر لی گئی۔ کولاچی روڈ کراچی کے قریب جرمنی سے آنے والے کنٹینر سے 460 کلو گرام کیٹا مائن برآمد ہوئی۔
جی ٹی روڈ گوجرانوالہ کے قریب ٹرک اور موٹر سائیکل سے 51.6 کلو گرام چرس اور 4.8 کلو گرام افیون برآمد کر کے 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
ایم ون موٹر وے اسلام آباد کے قریب گاڑی میں چھپائی گئی 60 کلو گرام چرس برآمد ہوئی جبکہ 2 ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا۔
شمالی بائی پاس پشاور میں چارسدہ روڈ کے قریب ایک ملزم سے 6 کلو گرام چرس برآمد ہوئی۔
ایم ون موٹر وے اسلام آباد کے قریب ایک خاتون سے 1.9 کلو گرام آئس برآمد کی گئی۔ اسی موٹر وے کے ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب ایک اور کارروائی میں مسافر بس میں سوار ملزم کے جوتوں سے 600 گرام چرس برآمد ہوئی۔
گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔