اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے پروگراموں سے معاشی استحکام تو آتا ہے لیکن قومیں ترقی نہیں کرتیں اور الحمداللہ معاشی استحکام آچکا ہے۔
اسلام آباد میں پرائم منسٹر ڈیجیٹل یوتھ ہب کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اللہ سے دعا ہے کہ آئی ایم ایف کا حالیہ پروگرام آخری پروگرام ہو، 77 سالوں میں ہمارے قرضوں میں اضافہ ہی ہوا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آپ لوگوں کو معلوم ہوگا کہ آئی ایم ایف سے اسٹاف لیول معاہدہ ہوگیا لیکن یہ ایک ملین ڈالر قرض ہے، ہم نے کمایا نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کی محنت اور ہنر کی بدولت قرض کی زندگی کو وقار کی زندگی میں بدلنا ہے اور میں آخری حد تک آپ کو قرضوں سے نجات دلاؤں گا۔ کسان، صنعتکار اور نوجوان کو معاشی طور پر مضبوط کرنا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں کو باعزت روزگار کے حصول کے قابل بنانا ہے جس کے لیے دیگر اخراجات کم کرکے یوتھ کی ٹریننگ کے لیے پیسہ دیں گے اور خادم بن کر پاکستان کی خدمت کرتا رہوں گا۔