پختونخوا اور بلوچستان کو دہشتگردی سے نمٹنے کیلیے ہرممکن مدد فراہم کریں گے، وزیرداخلہ

اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پختونخوا اور بلوچستان کو دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے ہرممکن مدد فراہم کریں گے۔

کاؤنٹر ٹیررازم کمیٹی کا دوسرا اجلاس وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی صدارت میں ہوا، جس میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، وفاقی سیکرٹری داخلہ، ڈی جی ایف آئی اے، ڈی جی پاسپورٹ، نیشنل کوآرڈینیٹر نیکٹا، چیف کمشنر اسلام آباد، کوآرڈینیٹر نیشنل ایکشن پلان اور سکیورٹی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

علاوہ ازیں وزیر قانون پنجاب ملک صہیب احمد، مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف، وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار، وزیر داخلہ آزاد کشمیر اور وزیر داخلہ گلگت بلتستان کی اجلاس میں موجود تھے۔ تمام صوبوں بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے سیکرٹریز داخلہ اور آئی جیز نے زوم کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے وزیراعظم، آرمی چیف اور تمام اسٹیک ہولڈرز ایک صفحے پر ہیں۔ صوبوں کی مشاورت کے بغیر کوئی فیصلہ نہیں کیا جائے گا۔

اجلاس میں صوبوں میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی استعداد کار کو بڑھانے پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں