لاہور: عید پر سفاری زو اور چڑیا گھروں کے عملے کی چھٹیاں منسوخ

لاہور:عید کے موقع پر لاہور سفاری زو اور چڑیا گھر سمیت صوبے بھر کے وائلڈ لائف پارکس اور چڑیا گھروں میں عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں۔
پنجاب وائلڈ لائف کے ڈائریکٹر پراجیکٹ مدثر حسن کے مطابق لاہور سفاری زو، لاہور چڑیا گھر اور دیگر مقامات پر عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں، جبکہ تیاریوں کا زیادہ تر زور لاہور سفاری پارک پر دیا جا رہا ہے۔ عید کے دوران سفاری پارک میں وائلڈ لائف سے متعلق آگاہی کے لیے پلے کیا جائے گا اور روزانہ چار شوز منعقد کیے جائیں گے، جبکہ دیگر تفریحی سرگرمیاں بھی جاری رہیں گی۔

مدثر حسن نے مزید بتایا کہ اس بار سفاری پارک میں فوڈ کورٹس کھلی رہیں گی تاکہ آنے والے افراد کھانے پینے سے لطف اندوز ہو سکیں۔ پارک رات گئے تک کھلا رہے گا، جبکہ ضروری مرمت اور دیکھ بھال کا کام بڑی حد تک مکمل کر لیا گیا ہے، اور باقی کام وقت کے ساتھ مکمل کر لیا جائے گا۔

سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بتایا گیا کہ پولیس کو باضابطہ طور پر درخواست دے دی گئی ہے، جبکہ ٹریفک پولیس اور ایمبولینس سروسز کی مدد بھی حاصل کر لی گئی ہے۔ تمام حفاظتی اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں تاکہ شہریوں کو عید کے موقع پر محفوظ اور پُرسکون تفریح فراہم کی جا سکے.

اپنا تبصرہ بھیجیں