اسلام آباد:انسدادِ دہشتگردی عدالت راولپنڈی نے بانی پی ٹی آئی کی اپلیہ بشریٰ بی بی کو 26 نومبر احتجاج سے متعلق 31 مقدمات میں 29 اپریل تک عبوری ضمانت دے دی۔
عدالت نے بشریٰ بی بی اٹک میں درج مقدمات میں شامل تفتیش ہونے کا حکم بھی دیا ہے۔
انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے مقدمات کی سماعت کی۔ تفتیشی ٹیم نے عدالت کو بتایا کہ راولپنڈی میں درج مقدمات کی تفتیش تاحال مکمل نہیں ہو سکی، جس پر عدالت نے ہدایت دی کہ آئندہ سماعت تک تفتیشی عمل مکمل کر کے رپورٹ پیش کی جائے۔
عدالت نے اعظم سواتی، نعیم پنجوتھہ، مشعال یوسفزئی، صنم جاوید سمیت دیگر کی عبوری ضمانت میں بھی 15 اپریل تک توسیع کر دی۔
دوسری جانب انسداد دہشتگردی عدالت نے پانچ اکتوبر کے احتجاج سے متعلق مقدمات میں پی ٹی آئی سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کی عبوری ضمانت میں 21 اپریل تک توسیع کر دی ہے۔
سماعت کے موقع پر تمام مقدمات کے تفتیشی افسران اور پراسیکیوٹر سید ظہیر شاہ انسدادِ دہشتگردی عدالت میں موجود تھے۔