راولپنڈی کی احتساب عدالت نے اراضی خورد برد نیب ریفرنس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کی ضمانت منظورکر لی۔
چوہدری پنجاب پرویز الہی سمیت 18 ملزمان کے خلاف تخت پڑی جنگلات کی 6 ہزار کنال اراضی خرد برد ریفرنس کی سماعت راولپنڈی کی خصوصی احتساب عدالت کے جج اعجاز علی نے کی۔ چوہدری پرویز الہی اور ان کے بیٹے راسخ الہٰی عدالت میں پیش ہوئے۔ پرویز الہٰی نے حاضری سے مستقل استثنیٰ کی درخواست بھی دائر کی۔ عدالت نے پرویز الہٰی کی ضمانت اور حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی۔
احتساب عدالت نے پرویز الہیٰ کو 5 لاکھ روپے مالیت کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا جو جمع کروا دئیے گئے۔ چودھری پرویز الہی پر الزام ہے انہوں نے وزارت اعلٰی کے دوران سرکاری جنگلات کی اراضی کے ریکارڈ پر اختیارات کا ناجائز استعمال کیا۔
ریفرنس میں کل 18 ملزمان نامزد ہیں دو ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہوچکے ہیں۔ دو ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری ہونے کے معاملے پر استغاثہ کی جانب سے رپورٹ پیش کر دی گئی۔ پراسیکیوٹر نے استدعا کی کہ دونوں ملزمان مسلسل روپوش ہیں انہیں اشتہاری قرار دیا جائے۔ ریفرنس کے ایک ملزم عبدالظہور کے انتقال کئے جانے کی رپورٹ پیش کر دی گئی۔ ریفرنس کے 18 ملزمان میں سے 14 پیش ہوئے۔ایک ملزم بیماری کے باعث عدالت میں پیش نہیں ہوا
احتساب بیورو کی جانب سے ریفرنس رواں سال 2 فروری کو دائر کیا گیا تھا۔ ریفرنس میں راولپنڈی کے اعلی انتظامی افسران اور جنگلات کے افسران و پٹواری پیش ہوئے۔ سابق وزیر اعلی پرویز الٰہی کے ضمانتی بانڈز جمع کرا دئیے گئے۔ تمام دیگر 17 ملزمان کو بھی ضمانتی بانڈز جمع کرانے کا حکم دیا۔ نیب ریفرنس کے تمام 18 شریک ملزمان کو بھی پانچ پانچ لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا۔ ریفرنس کے دیگر ملزمان بھی ضمانتی مچلکے جمع کرا رکھے ہیں۔ پرویز الٰہی کے خلاف نیب ریفرنس سماعت 21 مئی تک ملتوی کردی گئی۔