کراچی؛ تیز رفتار آئل ٹینکر بے قابو ہوکر الٹ گیا

کراچی:لانڈھی نمبر 4 کے علاقے میں تیز رفتار آئل ٹینکر جمعرات کی صبح ڈرائیور سے بے قابو ہو کر الٹ گیا، جس کے نتیجے میں سڑک پر بڑی مقدار میں آئل پھیل گیا۔

حادثہ لانڈھی نمبر 4 پولیس اسٹیشن کے قریب پی پی او چورنگی پر پیش آیا۔ ٹینکر کے الٹنے کے فوری بعد اس میں موجود آئل سڑک پر پھیل گیا، جس سے ٹریفک کے لیے مشکلات پیدا ہو گئیں۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس، رینجرز، فائربریگیڈ اور ایمبولینسز فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور ریسکیو کا عمل شروع کر دیا گیا۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق حادثے کے بعد متعلقہ سڑک کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ متبادل کے طور پر ٹریفک کو سروس روڈ اور اندرون گلیوں کی جانب موڑ دیا گیا ہے۔
حادثے میں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم احتیاطی تدابیر کے تحت فوری اقدامات کیے گئے۔

آئل ٹینکر کو سیدھا کرنے کے لیے کرین طلب کی گئی، جس کی مدد سے ٹینکر کو کھڑا کر دیا گیا،تاہم سڑک پر آئل پھیلا ہونے کی وجہ سے اسے فوری طور پر کھولنا ممکن نہ ہو سکا۔

پولیس اہلکاروں نے شہریوں کے تعاون سے سڑک پر ریت اور مٹی ڈالنے کا عمل شروع کیا تاکہ کسی بھی قسم کے مزید حادثے سے بچا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں