پاکستان سے جنگ میں بدترین شکست پر بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف نے اپنی ہی فوج کی نااہلی کا پول کھول دیا۔
بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف (CDS) جنرل انیل چوہان نے اعتراف کیا ہے کہ حالیہ آپریشن سندور کے دوران بھارتی افواج کا 15 فیصد وقت جعلی خبروں اور پروپیگنڈے سے نمٹنے میں ضائع ہو گیا، جس کے باعث جنگی حکمت عملی اور ریئل ٹائم آپریشنل کارکردگی ناکام رہی۔
جنرل انیل چوہان کے اس بیان نے بھارت کے ان دعوؤں کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے، جن میں وہ خود کو جدید ٹیکنالوجی اور ریئل ٹائم انٹیگریشن کی حامل افواج قرار دیتا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف جنگ کے دوران سائبر حملوں، جھوٹی خبروں اور گمراہ کن پروپیگنڈے کے باعث بھارتی فوج کو نہ صرف فیصلہ سازی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا بلکہ حقیقی زمینی صورت حال کا ادراک بھی کئی مواقع پر نہیں ہو سکا۔
ماہرین کے مطابق یہ انکشاف بھارتی فوجی اور حکومتی بیانیے کی ناکامی کا کھلا ثبوت ہے، جہاں سائبر جنگی محاذ پر تیاری کا فقدان اور داخلی ہم آہنگی کی کمی واضح طور پر سامنے آ چکی ہے۔
دوسری جانب بھارتی میڈیا مسلسل جھوٹے دعوے اور مبالغہ آرائی پر مبنی خبریں نشر کرتا رہا، جس سے بھارتی عوام کو گمراہ کیا گیا اور ایک فرضی فتح کا تاثر دیا جاتا رہا۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس اعتراف نے نہ صرف بھارتی افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے بلکہ دنیا بھر میں اس کے دفاعی دعووں کی ساکھ بھی متاثر ہوئی ہے۔ آپریشن سندور جو بھارتی حکومت نے خوش فہمی کی بنیاد پر شروع کیا تھا، اب خود مودی سرکار کے چہرے کا کلکنک بن چکا ہے۔
دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ صورتحال اس بات کی مظہر ہے کہ جدید دور کی جنگیں صرف ہتھیاروں سے نہیں بلکہ معلومات، سچائی اور مؤثر ابلاغ سے بھی لڑی جاتی ہیں اور یہاں بھارت نہ صرف ناکام ثابت ہوا بلکہ اپنے ہی جھوٹے بیانیے میں الجھ کر رہ گیا.