کراچی کے علاقے ڈیفنس میں بااثر شخص کے تشدد کا نشانہ بننے والے نوجوان موٹر سائیکل سوار نے ملزم کو معاف کردیا۔
رپورٹ کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی نے ڈیفنس میں نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنانے کے مقدمے میں ملزمان کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔
کراچی میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کی عدالت کے روبرو ڈیفنس میں نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنانے کے مقدمے میں ملزمان کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔
پبلک پراسیکیوٹر عرفانہ قادری نے موقف دیا کہ ملزمان کیخلاف دھمکیاں دینے اورعورت کی تذلیل کرنے کے تحت مقدمہ درج کیا گیا، یہ دفعات قابل ضمانت نہیں ہے۔
عدالت نے وکلاء دلائل کے بعد فیصلہ محفوظ کیا۔ وقفے کے بعد عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ملزمان سلمان فاروقی اور اویس ہاشمی کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔
اس سے پہلے جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت کے روبرو ڈیفنس میں شہری پر تشدد کرنے کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔
پولیس نے ملزمان سلمان فاروقی اور اویس ہاشمی کو انتہائی سیکیورٹی میں چیمبر میں پیش کیا۔ عدالت نے ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
دوسری جانب تشدد کا شکار نوجوان دھن راج عدالت میں پیش ہوا، دھن راج نے بیان دیا میرے علم میں نہیں تھا مجھے عدالت نے بلایا ہے، سوشل میڈیا سے پتا چلا، میری غلطی تھی میری بائیک ملزمام کی گاڑی سے ٹرا گئی تھی۔ میں کوئی کیس نہیں چاہتا۔ میں نے معاف کردیا عدالت جو چاہے کرے۔
2 روز قبل عدالت نے ملزمان کو 2 دن کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا تھا.