جاپان کے سیلف ڈیفنس فورسز (SDF) کے کئی اہلکار پیر کے روز اس وقت زخمی ہو گئے جب امریکی فوج کے اوکیناوا میں واقع کیڈینا ایئر بیس پر ایک دھماکہ ہوا۔
جاپان کی وزارت دفاع کے مطابق، یہ دھماکہ اس وقت پیش آیا جب اہلکار بم ناکارہ بنانے کی مشقیں کر رہے تھے۔ چار جاپانی فوجیوں کو معمولی چوٹیں آئیں، تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔
جاپانی نشریاتی ادارے NHK نے رپورٹ کیا ہے کہ دھماکہ ممکنہ طور پر غیر پھٹے بارودی مواد کے عارضی ذخیرے میں ہوا۔ حکام دھماکے کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات کر رہے ہیں۔
اوکیناوا کے یومیٹن گاؤں کے مقامی افسر یوتا ماتسودا نے بتایا: “ہمیں صرف اتنی اطلاع ملی ہے کہ دھماکہ ہوا ہے اور کچھ لوگ زخمی ہوئے ہیں، مزید معلومات نہیں ملی۔”
مقامی حکام کے مطابق، قریبی آبادیوں کو نکالنے کی ضرورت محسوس نہیں ہوئی اور وہاں کوئی ایمرجنسی الرٹ جاری نہیں کیا گیا۔
اوکیناوا میں واقع کیڈینا ایئر بیس ایشیا پیسفک خطے میں امریکی فوج کا سب سے بڑا فوجی اڈہ ہے۔ یہاں موجود امریکی فوجی تنصیبات طویل عرصے سے مقامی عوام میں بے چینی کا سبب بنی ہوئی ہیں۔
دوسری جانب، جاپان کی وزارت دفاع کے مطابق چین کا ایک ایئرکرافٹ کیریئر گروپ بھی پہلی بار جاپان کے خصوصی معاشی زون (EEZ) میں داخل ہوا ہے اور فضائی مشقیں کی ہیں۔ گروپ میں لایوننگ ایئرکرافٹ کیریئر، دو میزائل ڈسٹرائرز اور ایک سپورٹ شپ شامل تھا۔