بھارتی فضائیہ کے پائلٹ ابھینندن کو زندہ گرفتارکرنے والے پاک فوج کے میجرسید معیز عباس شاہ جنوبی وزیرستان میں خوارج دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے سراروغہ میں خفیہ اطلاعات پر سکیورٹی فورسز نے آپریشن کیا۔سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا اور آپریشن میں بھارت کی سرپرستی میں سرگرم 11 خوارج ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایاکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں میجر معیز عباس شاہ اور لانس نائیک جبران اللہ شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ میجر سید معیز عباس شاہ آپریشن کی قیادت کررہے تھے، میجر معیز شہید کو متعدد آپریشنز میں خوارج کے خلاف جرأت مندانہ کارروائیوں اور بہادری کے لیے جانا جاتا تھا۔ 37 سالہ شہید میجر سید معیز عباس شاہ کا تعلق چکوال سے ہے جبکہ 27 سالہ شہید لانس نائیک جبران اللہ ضلع بنوں کے رہائشی تھے۔
یاد رہےکہ 27 فروری 2019کو پاکستان نےلائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرنے والے دو بھارتی لڑاکا طیاروں کو مار گرایا تھا اور ایک پائلٹ ونگ کمانڈر ابھینندن کو زندہ گرفتار کرلیا تھا۔
بھارتی پائلٹ ابھینندن کو گرفتارکرنے والے میجر معیز خوارج سے لڑتے ہوئے شہید
پاکستانی حدود میں گرنےکے بعد پاکستانی شہری ابھینندن کو تشدد کا نشانہ بنارہے تھےکہ میجر معیز اپنی ٹیم کے ساتھ وہاں پہنچے اور ابھینندن کو پاکستانی شہریوں سے بچایا اور گرفتار کرلیا۔
میجر معیز شہید نے ابھینندن کی گرفتاری سے متعلق کیا بتایا تھا؟
واقعےکا ایک سال مکمل ہونے کے بعد میجر معیز نے جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک کے میزبان حامد میر کو بتایا تھا کہ ہماری کوشش تھی کہ ہم بھارتی پائلٹ کو زندہ گرفتار کریں، جب ہم بھارتی پائلٹ کے قریب پہنچے تو وہاں پاکستانی شہریوں نے ابھینندن کو گھیرا ہوا تھا۔
میجر معیز نے بتایا کہ ابھینندن نے ہمارا یونیفارم دیکھا تو گرفتاری پیش کردی اور کہا کہ مجھے بچائیں، جس کے بعد ہم نے اسے طبی امداد دی اور اسے گرفتار کرکے وہاں سے لے گئے۔
بعد ازاں حکومت پاکستان نے جذبہ خیرسگالی کے تحت گرفتار بھارتی پائلٹ کو رہا کرتے ہوئے اسے واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالےکر دیا۔میجر سید معیز عباس شاہ (شہید)، جنہوں نے 2019 میں اپنی دلیری اور پیشہ ورانہ مہارت سے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو گرفتار کیا اور اسی شجاعت کے اعتراف میں میجر کے عہدے پر ترقی پائی، آج وطنِ عزیز پر قربان ہو گئے۔
جنوبی وزیرستان میں بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں سے لڑتے ہوئے انہوں نے جامِ شہادت نوش کیا اور ہمیشہ کے لیے قوم کے دلوں میں امر ہو گئے۔