0

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ ساز تیزی؛ 100 انڈیکس نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

کراچی:پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مسلسل دوسرے روز زبردست تیزی دیکھی جا رہی ہے، جہاں 100 انڈیکس تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔

گزشتہ روز 100 انڈیکس ایک ہزار 4 پوائنٹس کے اضافے کے بعد ایک لاکھ 50 ہزار 975 پر بند ہوا تھا جب کہ آج کے کاروبار میں یہ انڈیکس مزید 728 پوائنٹس بڑھ کر ایک لاکھ 51 ہزار 703 کی سطح پر جا پہنچا۔ اسی دوران ایک موقع پر انڈیکس میں 1560 پوائنٹس کی غیر معمولی تیزی بھی ریکارڈ کی گئی اور 100 انڈیکس بڑھ کر ایک لاکھ 52 ہزار 535 کی نئی بلند ترین سطح تک پہنچ گیا۔

مارکیٹ کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روز کاروباری سرگرمیوں کے دوران ایک ارب 8 کروڑ شیئرز کے سودے 44 ارب 42 کروڑ روپے میں طے پائے تھے۔ اسی طرح مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں 54 ارب روپے کا اضافہ ہوا تھا، جس کے بعد اس کی مجموعی مالیت بڑھ کر 17 ہزار 855 ارب روپے تک پہنچ گئی تھی۔

اقتصادی ماہرین کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں حالیہ تیزی سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاس ہے، جب کہ رواں ہفتے یہ دوسرا دن ہے کہ انڈیکس میں ایک ہزار سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں