0

وزیراعظم کی سعودی ولی عہد سے ملاقات: قطر پر اسرائیلی حملہ مشرق وسطیٰ امن عمل سبوتاژ کرنے کی سازش قرار

قطرکے دارالحکومت دوحہ میں عرب اسلامی ہنگامی سربراہ اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات ہوئی جس میں قطر پر اسرائیلی حملہ مشرق وسطیٰ امن عمل سبوتاژ کرنے کی سازش قرار دیا گیا۔

قطرکے دارالحکومت دوحہ میں عرب اسلامی ہنگامی سربراہ اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سمیت کئی ممالک کے سربراہان شریک ہوئے۔

وزیر اعظم ہاؤس کے اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی دوحہ میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ہنگامی عرب اسلامک سمٹ کے موقع پر ملاقات ہوئی۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ اس ملاقات میں ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی وزیر اعظم کے ہمراہ موجود تھے۔

ملاقات میں قطر پر اسرائیلی حملہ مشرق وسطیٰ امن عمل سبوتاژ کرنے کی سازش قرار دیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے ولی عہد محمد بن سلمان کی جرات مندانہ اور بصیرت افروز قیادت کو سراہا اور پاک سعودی تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے سعودی عرب کی پاکستان کی ہر مشکل میں مستقل حمایت پر ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور او آئی سی سمیت ہر پلیٹ فارم پر بھرپور سفارتی حمایت فراہم کرے گا، دوحہ سمٹ نے واضح پیغام دیا کہ مسلم امہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف متحد ہے۔

دوسری جانب سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے آئندہ دورۂ ریاض کا منتظر ہوں ، ریاض کا دورہ دونوں ممالک کو علاقائی و عالمی امور پر جامع مشاورت کا موقع فراہم کرے گا۔

اعلامیے کے مطابق سعودی ولی عہد نےوزیراعظم کی قیادت اور قطر سے اظہار یکجہتی کے لیے پاکستان کی سفارتی کاوشوں کو سراہا۔

وزیراعظم نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لیے نیک خواہشات اور دعاؤں کا پیغام دیا۔

عرب اسلامی سربراہ اجلاس: وزیراعظم کی دیگر عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں

عرب اسلامی سربراہ اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کی ترک صدر رجب طیب اردوان سے بھی ملاقات ہوئی۔

اس کے علاوہ وزیراعظم شہباز شریف کی امیر قطر ،فلسطینی صدر محمود عباس ،تاجکستان اور مصر کے صدور سے بھی ملاقاتیں ہوئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں