غزہ: اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے شمالی غزہ کو جان بچانے والی ادویات کی فراہمی روک دی۔
غزہ میں کام کرنے والے اقوام متحدہ کے انسانی امور کے رابطہ دفتر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی حکام دوائیں اور فیول لے جانے والے قافلوں کو شمالی غزہ جانے کی اجازت نہیں دے رہے۔ بین الاقوامی امدادی اداروں نے اسرائیل سے امداد اور دواؤں کی ترسیل کی اجازت دینے کی اپیل کی ہے۔
دوسری جانب اسرائیل کی غزہ پر وحشیانہ بمباری سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 132 فلسطینی شہید ہوگئے۔ ایک سو دن سے جاری غزہ پر اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 24 ہزار 100 ہوگئی ہے۔ حملوں میں 60 ہزار 800 افراد زخمی ہوئے۔
عرب میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اسرائیل نے غزہ میں ظلم کا بازار گرم کرنے والی اپنی 4 ڈویژن فوج میں سے ایک ڈویژن کو غزہ سے نکال کر مغربی کنارے میں تعینات کردیا ہے۔