ارب پتی برطانوی تاجر ڈینی لیمبو نے اسلام قبول کرلیا

لندن: برطانیہ کی ارب پتی کاروباری شخصیت ڈینی لیمبو نے اسلام قبول کرلیا۔

دنیا کی مہنگی ترین گاڑیوں میں شامل اطالوی گاڑی لیمبرگینی کو پسند کرنے کے باعث اپنا نام ڈینی کیرن سے بدل کر ڈینی لیمبو رکھنے والے ارب پتی برطانوی تاجر نے اسلام قبول کرنے کا اعلان اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کیا۔

ڈینی لیمبو نے مسجد الحرام میں عمرے کی ادائیگی کے دوران اپنی ویڈیو شئیرکرتے ہوئے لکھا کہ آپ نہیں جانتے کہ زندگی آپ کو کس راستے پر لے کر جائے گی۔ کاروبار کے لیے سعودی عرب گیا۔ کام جلدی ختم ہونے پرایک شخص مجھے مکہ لے گیا جہاں میرے نئے روحانی اور جذباتی سفر کا آغازہوا۔

ڈینی لیمبو نے مزید لکھا کہ اب بطور نو مسلم میری لندن واپسی ہو گئی ہے۔ ویڈیو میں ڈینی کو خانہ کعبہ کے سامنے روتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

ڈینی لیمبو کے اثاثوں کی مالیت ایک اندازے کے مطابق 50 ملین پاؤنڈ ہے جن میں سے زیادہ تر انہوں نے ہوٹل کے کاروبار سے کمایا ہے۔ ڈینی نے 16 سال کی عمر میں تعلیم چھوڑ کر گلوکاری کو پیشے کے طور پر اپنایا تھا۔ہوٹل کے کاروبار میں حاصل ہونے والے نفع سے وہ 22 سال کی عمر میں کروڑ پتی لوگوں کی فہرست میں شامل ہوگئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں