الیکشن 2024ء؛ چاروں صوبائی اسمبلیوں کے انتخابی نتائج کا اعلان کردیا گیا

اسلام آباد: ملک میں ہونے والے عام انتخابات کے بعد قومی اسمبلی کے ساتھ ساتھ چاروں صوبائی اسمبلیوں کے نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔

پنجاب اسمبلی کے تمام نتائج، ایک حلقہ باقی

پنجاب کے کل 296 حلقوں میں سے 295 کے نتائج کا اعلان کردیا گیا ہے جب کہ حلقہ پی پی گجرات کا نتیجہ تاحال باقی ہے۔ صوبائی اسمبلی میں کے 126 آزاد امیدواروں نے انتخابی میدان مار لیا ہے، جب کہ مسلم لیگ ن کے 131امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے 10 اور مسلم لیگ کے 8 امیدوار صوبائی اسمبلی میں پہنچ گئے۔ ان کے علاوہ استحکام پاکستان پارٹی، تحریک لبیک اور مسلم لیگ ضیا ایک ایک نشست لینے میں کامیاب ہوئیں۔
سندھ اسمبلی کے تمام حلقوں کے نتائج

سندھ اسمبلی کے تمام حلقوں کے نتائج الیکشن کمیشن نے جاری کردیے ہیں۔ 130 نشستوں کے اعلان کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی نے سب سے زیادہ 84 نشستیں حاصل کی ہیں جب کہ ایم کیو ایم کو 28 اور آزاد امیدواروں کو 14 نشستیں ملیں۔ اسی طرح جی ڈی اے اور جماعت اسلامی بھی 2،2 نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئیں۔

بلوچستان سے 45 حلقوں کے نتائج، 6 تاحال باقی

بلوچستان اسمبلی کے 45 حلقوں پر نتائج کا اعلان کردیا گیا جب کہ 6 حلقوں پر نتائج کا اعلان باقی ہے۔ صوبائی اسمبلی میں پیپلزپارٹی نے 11نشستیں حاصل کیں۔ مسلم لیگ ن 9 نشستیں حاصل کر پائی جب کہ جے یو آئی کی 8 نشستیں ہیں اور 6آزاد امیدوار بھی بلوچستان اسمبلی پہنچنے میں کامیاب ہوئے۔ علاوہ ازیں بلوچستان عوامی پارٹی 4، عوامی نیشنل پارٹی اور نیشنل پارٹی 2، 2 نشستیں حاصل کر پائیں۔ بلوچستان نیشنل پارٹی، جماعت اسلامی، بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی نے ایک ایک نشست حاصل کی۔

خیبر پختونخوا کی تمام 113نشستوں کے نتائج جاری

خیبرپختونخوا کی تمام 113 نشستوں پر نتائج کا اعلان کردیا گیا۔غیر حتمی نتائج کے مطابق صوبائی اسمبلی میں 91 آزاد امیدوار کامیاب ہوئے۔ جے یو آئی کو 7، مسلم لیگ ن کو 5 نشستیں ملیں۔ پیپلزپارٹی 4،جماعت اسلامی 3 نشستیں حاصل کر پائی۔ اے این پی کے ایک امیدوار اور پی ٹی آئی پارلیمنٹرین کے 2 امیدواروں نے کامیابی حاصل کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں