نواز شریف کی این اے 15 مانسہرہ سے انتخابی شکست کے خلاف درخواست مسترد

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے نواز شریف کی مانسہرہ میں کامیاب امیدوار کا نوٹیفکیشن روکنے کی استدعا مسترد کر دی۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے این اے 15 مانسہرہ میں میاں نواز شریف کی انتخابی عذرداری پر سماعت کی، تاہم نواز شریف کے وکیل سماعت میں پیش نہ ہوئے۔

ریٹرننگ افسر این اے 15 مانسہرہ نے اپنی رپورٹ الیکشن کمیشن میں جمع کروا دی جس میں کہا گیا کہ حلقے کا نتیجہ فارم 45 کے مطابق مرتب کیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے نواز شریف کی انتخابی عذرداری کی درخواست مسترد کر دی جس میں کامیاب امیدوار کا نوٹیفکیشن روکنے کی استدعا کی گئی تھی۔

نواز شریف کے وکیل تاخیر سے الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اور درخواست مسترد نہ کرنے کی استدعا کی تو الیکشن کمیشن نے نواز شریف کے وکیل کو دوبارہ درخواست دائر کرنے کی ہدایت کردی۔ جس پر نواز شریف کے وکیل نے کیس بحال کرنے کی درخواست دائر کر دی۔

واضح رہے کہ این اے 15 مانسہرہ سے آزاد امیدوار نے الیکشن میں کامیابی حاصل کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں