سرکاری کالونیوں کے رہائشی بل ادا نہ کریں تو بجلی کاٹ دی جائے، وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سرکاری کالونیوں کے رہائشی بل ادا نہ کریں تو ان کی بجلی کاٹ دی جائے۔

محکمہ توانائی کا اجلاس وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی صدارت میں ہوا، جس میں وزیر توانائی ناصر شاہ، وزیر بلدیات سعید غنی، چیف سیکرٹری آصف حیدر شاہ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری آغا واصف، سیکرٹری توانائی مصدق خان، سیکرٹری خزانہ فیاض جتوئی اور دیگر حکام شریک ہوئے۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے وزیر توانائی کو سرکاری اداروں کو سولرائز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام سرکاری دفاتر دن کے اوقات میں کام کرتے ہیں۔ سرکاری عمارتوں کو سولرائز کرنے سے بجلی کے بلوں میں کمی آجائے گی۔

وزیر توانائی ناصر شاہ کا کہنا تھا کہ نئے مالی سال میں سولرائزیشن کے کام کو تیز کریں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ حیسکو اور سیپکو کے علاقوں میں جتنی بھی سرکاری رہائشی کالونیاں ہیں وہ اپنا بجلی کا بل ادا کریں۔ جس سرکاری رہائش عمارتوں کے لوگ بل ادا نہیں کر رہے ان کی بجلی کاٹی جائے۔ انہوں نے سندھ کی حیسکو، سیپکو اور کے الیکٹرک کے سرکاری اداروں کے بقایاجات بلز اگست میں ادا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تینوں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے بلز ریکنسائل کیے جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں