پنجاب بھر میں پولیس ہائی الرٹ، 65 ہزار سے زائد افسران و اہلکار ڈیوٹی پر مامور

لاہور: پنجاب میں دارالحکومت لاہور سمیت صوبے بھر میں پولیس ہائی الرٹ ہے۔ اس دوران 65 ہزار سے زائد افسران و اہل کار سکیورٹی ڈیوٹیوں پر مامور ہیں۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے مطابق 9 ویں محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ آج لاہور سمیت صوبہ بھر میں 1686 محرم الحرام کے جلوس برآمد اور 3853 مجالس منعقد ہوں گی۔ اے کیٹیگری کے 194 جلوس اور 345 مجالس شامل ہی۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں آج 79 جلوس برآمد ہوں گے اور 378 مجالس منعقد ہو رہی ہیں، جن میں کیٹیگری اے کے 24 جلوس اور 46 مجالس شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لاہور سمیت صوبہ بھر میں 9 ویں محرم الحرام کے دوران 65 ہزار سے زائد افسران و اہل کار سکیورٹی پر مامور ہیں۔ لاہور میں 10 ہزار سے زائد افسران و اہلکار نویں محرم کو سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات ہیں۔ اس دوران صوبائی حکومت کی طرف سے نافذ دفعہ 144 پر عمل درآمد ہرصورت یقینی بنایا جائے گا۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز تمام سکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔ سیف سٹیز اتھارٹی، سینٹرل پولیس آفس سمیت تمام اضلاع میں قائم کنٹرول رومز سے سکیورٹی انتظامات کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ سی سی ٹی وی کیمروں، واک تھرو گیٹس، میٹل ڈکٹیٹرز سمیت جدید آلات سے سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ یوم عاشور کے مرکزی جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جلوسوں کے روٹس پر آنے والی عمارتوں کی چھتوں پر اسنائپرز، جلوسوں کے ساتھ سادہ لباس میں کمانڈوز تعینات کیے گئے ہیں۔ کمیونٹی لیڈرز، انتظامیہ اور سکیورٹی اداروں کے تعاون سے 9 ویں محرم کا پُرامن انعقاد یقینی بنائیں گے۔ صوبائی وزرا، علما کرام، آرمڈ فورسز، رینجرز، سکیورٹی ایجنسیز کا بھرپورتعاون حاصل ہے۔ ڈبل سواری پر بھی پابندی ہے۔ ضرورت کے تحت مخصوص مقامات اور اوقات میں موبائل سروس پر جزوی پابندی ہو گی.

اپنا تبصرہ بھیجیں