لاہور: دیار غیر سے پاکستان آئے سائیکل سوار سیاح کو لاہور میں لوٹ لیا گیا۔ متاثرہ سیاح کی شناخت 27 سالہ برگ فلورائن نام سے ہوئی جو جرمن شہری ہے۔
متاثرہ شخص کے مطابق وہ ایئرپورٹ کے اطراف میں کیمپنگ کررہا تھا کہ اچانک 2 مسلح افراد نے آکر اسکو مارنا پیٹنا شروع کردیا۔ ڈاکو اس سے مہنگا موبائل، نقدی اور 5 لاکھ پاکستانی روپے کا کیمرہ لے کر فرار ہوجاتے ہیں۔
متاثرہ شخص حالت غیر ہونے پر اپنی مدد آپ کے تحت سائیکل پر سوار ہوکر رینجرز آفس کے سامنے آتا ہوا گرگیا۔ عینی شاہدین نے فوری طور پر اسے اسپتال منتقل کیا جہاں طبی امداد فراہم کی گئی۔
جرمن نوجوان نے الزام لگایا کہ پٹرولنگ کرتی ڈولفن فورس کو اطلاع دی مگر انہوں نے رقم کا مطالبہ کردیا اور کارروائی نہ کی۔ متاثرہ شخص نے عینی شاہدین کے ہمراہ تھانہ شمالی چھاؤنی میں واردات کیخلاف درخواست جمع کروائی۔
شمالی چھاؤنی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور ملزمان کو سی سی ٹی وی کیمروں اور دیگر ذرائع کی مدد سے ٹریس کیا جا رہا ہے۔
پولییس نے متاثرہ فلورین برگ کی مدعیت میں 2 نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ ایس ڈی پی نارتھ کینٹ کی سربراہی میں ملزمان کو گرفتار کرنے کے لیے ٹیم تشکیل دے دی گئی۔ ایس پی کینٹ اویس شفیق نے کہا کہ ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائیگا۔
فلوریان نے مقدمے میں بتایا کہ گلدشت ٹاؤن کے قریب ایک پارک میں سو رہا تھا، کہ دو افراد آئے اور گن پوائنٹ پر مجھ سے آئی فون، 500 امریکی ڈالر، 5 ہزار پاکستانی روپے اور کیمرہ چھین کر لے گئے، مزاحمت کرنے پر انہوں نے مجھے تھپڑ بھی مارے.