ایف آئی اے امیگریشن کی کاروائی,جعلی دستاویزات پر سفر کرنے والا مسافر گرفتار

ایف آئی اے امیگریشن کراچی نے کاروائی کرتے ہوئے جعلی دستاویزات پر سفر کرنے والےمسافر کو گرفتار کرلیا ۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم پاکستانی پاسپورٹ پر ایران سے کراچی ائیرپورٹ پہنچا تھا ۔
امیگریشن کلئیرنس کے دوران ملزم کے پاسپورٹ پر لگا جرمن (شینجن) ویزہ مشکوک پایا گیا ۔
مشکوک معلوم ہونے پر پاسپورٹ اور دیگر دستاویزات کو سیکنڈ لائن آفس کے فرانزک پراسیس سے گزارا گیا۔پاسپورٹ پر لگے ویزہ پر ضروری سیکیورٹی و دیگر خصوصیات موجود نہ تھیں۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم نے عمان میں مقیم مبشر نامی ایجنٹ سے سفری دستاویزات بشمول ویزہ و ٹکٹ حاصل کیں ۔اس مقصد کے لیے ملزم نے مذکورہ ایجنٹ کو 20 لاکھ روپے ادا کئے۔
ملزم کو گرفتار کر کے مزید قانونی کاروائی کے لیے انسدادِ انسانی سمگلنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں