کراچی؛ زیر تعمیرپلاٹ کی دیوار گرنے سے 2 افراد جاں بحق، 3 زخمی

بھینس کالونی موڑکے قریب واقع نجی اسپتال سے متصل زیر تعمیرپلاٹ کی دیوار گرنے سےاسپتال کے مالک سمیت 2 افراد جاں بحق اور خاتون سمیت 3 افراد زخمی ہو گئے، حادثے میں زخمی ہونےوالی راہ گیر خاتون کی حالت تشویشناک ہے۔

تفصیلات کےمطابق شاہ لطیف ٹاؤن تھانے کےعلاقے بھینس کالونی موڑکے قریب سٹی جنرل اسپتال اورحسن میڈیکل سینٹر سے متصل زیرتعمیرپلاٹ کے دیوارگرگئی جس کے نتیجے میں راہ گیرخاتون سمیت متعدد افراد ملبے تلے دب گئے، حادثے کے فوری بعد علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد موقع پرجمع ہوگئے اوراپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیوں کا آغازکردیا گیا۔

اطلاع ملنے پرریسکیو 1122 اوردیگر فلاحی تنظیوں کے رضا کاربھی موقع پرپہنچ گئے اورملبے تلے دبے افراد کونکال کرچھیپا ایمبولنسوں کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں 2 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی گئی، جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 65 سالہ ڈاکٹر رسول بخش ابڑو اور65 سالہ ریٹائرڈ سب انسپکٹر خادم حسین لاشاری کے نام سے کی گئی،زخمیوں میں 40 سالہ خاتون رخسانہ، یوسف،اورغلام حیدرلاشاری شامل ہیں حادثے میں شدید زخمی ہونے والی خاتوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

حادثے کے بعد موقع پرپہنچنے والے ایس پی ملیر سعید رند نے ایکسپریس کو بتایا کہ متوفی ڈاکٹر رسول بخش ابڑوسٹی جنرل اسپتال اورمتوفی سب انسپکٹرخادم حسین لاشاری حسن میڈیکل سینٹرکے مالک تھے، متوفی ڈاکٹر رسول بخش اسٹیل ٹاؤن جبکہ سب انسپکٹر خادم حسین لاشاری جائے حادثہ کے قریب ہی رہائش پذیر تھے اوردنوں آپس میں گہرے دوست تھے اوردونوں نے مل کر600گزکا پلاٹ مشترکہ طورپرخریدا تھا۔

ڈاکٹر رسول بخش ابڑو کےاسپتال کووسعت دینے کے لیے متصل پلاٹ پرتعمیراتی کام جاری تھا، پلاٹ مزدور کام کر رہے تھے اور شاول کی مدد سے پلاٹ پر کھدائی کا کام جاری تھا، متوفیاں ڈاکٹر رسول بخش ابڑو اور سب انسپکٹر خادم حسین لاشاری کے قریب کھڑے ہوکرآپس میں گفتگوکررہےتھے،شاول پلاٹ پرکھدائی کرکےزیرتعمیرپلاٹ کی دیوارکے ساتھ مٹی ڈالتے جا رہا تھا۔

مٹی کا وزن زیادہ ہوجانے سےاچانک دیوارگری توگلی سے گززرنے والی خاتون اس کی زد میں آگئی ، خاتون کوبچانے اور ریسکیوکرنے کے لیے ریٹائرڈ پولیس افسر اور ڈاکٹر رسول بخش آگے بڑھے تو دیوارکا دوسرا بڑاحصہ ان پر گرگیا جس کے باعث دونوں موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ خاتون سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طورپرجناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔

فلاحی تنظیم کے رضاکار نے بتایا کہ حادثے کی بروقت اطلاع ملنے پرریسکیو 1122 اور فلاحی تنظیموں کے رضا کار موقع پر پہنچ گئے تھے اورحادثے میں جاں بحق ہونے والے2 افراد اورزخمی افراد کواسپتال منتقل کیا گیا، امدادی ٹیمیں موقع پرموجود ہیں ملبا اٹھانے کا کام جاری ہے اوریہ جاننے کی کوشش کی جارہی ہے ملبے تلے کوئی اورنہ دبا ہوا ہو۔

ریسکیو 112 کے افسر نے بتایا کہ دوپہر ڈیڑھ بجے کے قریب دیوارگرنے کی اطلاع کنٹرول روم میں موصول ہوئی تھی اور20 سے 25 منٹ بعد موقع پر پہنچے تومعلوم ہوا کہ حادثے میں 2 افراد جاں بحق ہوئے ہیں اور ایک خاتون زخمی ہوئی ہے جسے جناح اسپتال منتقل کیا گیا، اس کے بعد ہم نے سرچنگ کے لیے آپریشن شروع کیا۔

انھوں نے بتایا کہ پلاٹ پراسپتال کے لیے تعمیرات کرائی جا رہی تھیں پلاٹ پرکھدائی کے دوران بیرونی دیواراچانک گری جس کے باعث یہ حادثہ پیش آیا، نادرنامی شہری نے بتایا کہ پلاٹ پر اسپتال کے لیے تعیمرات کی جا رہی ہیں، ڈاکٹرسول بخش اورخادم حسین لاشاری پراچانگ دیوارگری اوروہ دیوارکے نیچے دب کرجاں بحق ہوگئے۔

پلاٹ پرکام کرنےوالے ایک مزدورنے بتایا کہ ڈاکٹرسول بخش اورخادم حسین لاشاری راہ گیرخاتون کو بچاتے ہوئے دیوارکے ملبےتلے دب کر جاں بحق ہوئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں