اسلام آباد:1971 کی جنگ میں جرأت، بہادری اور قربانی کی لازوال مثال قائم کرنے والے اور پاکستان کے پہلے نشانِ حیدر یافتہ ہیرو، سوار محمد حسین شہید کا 53 واں یوم شہادت آج عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، تینوں مسلح افواج کے سربراہان اور مسلح افواج نے سوار محمد حسین شہید کی بے مثال قربانی کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق، 1971 کی جنگ کے دوران ظفروال-شکرگڑھ سیکٹر میں سوار محمد حسین شہید نے اپنی بے مثال جرأت سے دشمن کے 16 ٹینک تباہ کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
وہ دشمن کے خلاف فرنٹ لائن پر خدمات انجام دیتے ہوئے فرض کی ادائیگی کے دوران مشین گن کی گولی لگنے سے شہید ہوئے۔
عسکری قیادت کا کہنا ہے کہ سوار محمد حسین شہید کی قربانی قوم کے لیے مشعلِ راہ ہے اور وہ وطن عزیز کے دفاع کے لیے افواجِ پاکستان کے غیرمتزلزل عزم کا مظہر ہیں۔
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا کہ قوم ان بہادر بیٹوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی جنہوں نے ملک کی بقا اور حرمت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ سوار محمد حسین شہید کی بہادری اور وفاداری ہمیشہ پاکستان کی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائے گی۔ ان کی قربانی کا جذبہ آج بھی افواج پاکستان اور قوم کے لیے فخر کا باعث ہے۔