اے این ایف کا کریک ڈاؤن؛ ایک کروڑروپے مالیت سے زائد کی منشیات برآمد

اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کا ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران 3 ملزمان کو گرفتار کرکے 1 کروڑ سے زائد مالیت کی 148.825 کلو گرام منشیات برآمد کر لی گئیں۔ پشاور میں حیات آباد ٹول پلازہ رنگ روڈ کے قریب کار کے خفیہ خانوں سے 72 کلو گرام چرس اور 9.6 کلو گرام افیون برآمد ہوئی۔

گوجرانوالہ میں لاری اڈا جی ٹی روڈ کے قریب بیگز سے 62.4 کلو گرام چرس اور 4.8 کلو گرام افیون برآمد کر کے 2 ملزمان کو گرفتارکر لیا گیا۔ گولڑہ موڑ اسلام آباد کے قریب غیر ملکی باشندے سے 28 گرام کوکین برآمد کی گئی۔ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

مطلوب منشیات سپلائر گرفتار

راولپنڈی میں پولیس نے پیر ودھائی کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے انتہائی مطلوب منشیات سپلائر شبیر عرف کاکا کو گرفتار کرلیا۔ ملزم کے قبضے سے 13 کلو گرام چرس برآمد کی گئی۔ شبیر نے تعلیمی اداروں میں بھی منشیات سپلائی کرنے کا اعتراف کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں