صدر زرداری کا پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب؛ اپوزیشن کے ممکنہ احتجاج پر حکومتی پلان تیار

اسلام آباد:صدر مملکت آصف علی زرداری کے مشترکہ اجلاس کے موقع پر اپوزیشن کے ممکنہ احتجاج پر حکومت نے اپنا پلان تیار کرلیا۔

پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج ہوگا، جس سے صدر مملکت آصف علی زرداری خطاب کریں گے۔ مشترکہ اجلاس کے حوالے سے ایجنڈا جاری کیا جا چکا ہے، جس کے مطابق 3 بجے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس شروع ہوگا، جس سے صدر آصف علی زرداری خطاب کریں گے۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اجلاس میں صدر آصف زرداری حکومت کی کارکردگی سے متعلق اظہار خیال کریں گے۔ ایجنڈے کے مطابق صدر مملکت کے خطاب کے سوا کوئی اور کارروائی اجلاس میں شامل نہیں۔
صدر مملکت کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے بعد اجلاس کو غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردیا جائے گا۔

دوسری جانب صدر مملکت کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے موقع پر اپوزیشن کی جانب سے ممکنہ طور پر احتجاج کیے جانے کا امکان ہے، جس پر حکومت کی جانب سے احتجاج کو ناکام بنانے کا پلان تیار کرلیا گیا ہے۔

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف صدر مملکت کا استقبال کریں گے۔ بعد ازاں صدر اور وزیراعظم کی اہم ملاقات اسپیکر چیمبر میں بھی ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں