ٹک ٹاکر سامعہ حجاب کا کہنا ہے کہ اگر حسن زاہد نامی شخص بغیر سزا جیل سے لوٹ آیا تو وہ اپنا بدلہ ضرور لے گا۔
نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں سامعہ نے ملزم حسن زاہد پر کئی سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے اب بھی جب حسن جیل میں ہے، اس سے خوف آتا ہے اور اگر اسے سزا نہیں ہوتی تو وہ چھوٹ کر آئے گا اور مجھ سے اپنا بدلہ ضرور لے گا۔
سامعہ نے مزید کہا کہ جیل سے چھوٹنے کے دو ماہ، یا دو سال ہی سہی لیکن وہ اپنا بدلہ لے گا، اس پر ایف آئی آر درج کروائی تو وہ اگلے دن کالے ڈالے میں نمبر پلیٹس اتار کے آیا، بندوق کے ساتھ اس نے مجھے جان سے مارنے کی دھمکی دی جس کے بعد میں نے اس پر دوسری ایف آئی آر بھی کروائی۔
ٹک ٹاکر کے مطابق 3 ماہ قبل میں نے حسن سے دوری اختیار کرنا شروع کی تو بہت بار ایسا ہوتا تھا وہ زبردستی میری گاڑی میں آکر مجھے دھمکاتا تھا، میرا پیچھا کرتا تھا، مجھے ایک بار وہ اپنے فلیٹ لے گیا جہاں اس کا دوست کھڑا دیکھ رہا تھا، اس کے سامنے حسن نے مجھے مارا۔
سامعہ نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا وہ نکاح کے پیپر منگوالیتا تھا اور کہتا تھا سائن کرو، ایسی حرکتیں کرتا تھا جس کے بعد میں کہتی تھی ایسے شادی نہیں کریں گے، میں اپنی امی سے بات کرتی ہوں، سب کے سامنے شادی کریں گے۔
سامعہ نے سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا یہ اس قسم کا شخص ہے کہ اس نے ایک لڑکی کی آنکھوں میں چھریوں سے وار کرکے اسے صرف اس لیے قتل کردیا کیونکہ وہ بیٹی پیدا کرنے والی تھی۔
واقعہ کا پس منظر:
دو روز قبل سامعہ حجاب نے اپنے ویڈیو بیان میں بتایا تھا کہ’حسن زاہد نے مجھے شادی کی پیشکش کی تھی، انکار پر وہ ہراساں کرتا رہا اور میرے گھر تک پہنچ گیا، حسن زاہد نے واضح دھمکی دی تھی کہ اگر میں نے شادی سے انکار کیا تو وہ مجھے قتل کر دے گا، حسن نے میرے گھر کی گھنٹی بجائی اور دروازہ کھلنے پر مجھے زبردستی ساتھ چلنے کو کہا۔
ٹک ٹاکر کے مطابق ’اس دوران حسن میرا فون چھین کر گاڑی میں بیٹھ گیا، میں فون واپس لینے کے لیے بھاگی تو حسن نے مجھے ہراساں کیا اور اغوا کی کوشش بھی کی‘۔
ٹک ٹاکر کی جانب سےایف آئی آر درج کرائے جانے کے بعد اسلام آباد پولیس نے ملزم حسن زاہد کو گرفتار کرلیا۔