0

پنجاب حکومت کی گرین ای ٹیکسی اسکیم ,ٹرانسپورٹ میں ایک نیا انقلاب

پنجاب حکومت کا گرین ای ٹیکسی پلان 2025 نوجوانوں کے لیے روزگار اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ میں ایک نیا انقلاب لانے جارہا ہے۔
اس اسکیم کے تحت اہل افراد کو آسان اقساط پر الیکٹرک اور ہائبرڈ ٹیکسیاں فراہم کی جائیں گی۔

یہ منصوبہ نہ صرف نوجوانوں کو پائیدار روزگار کے مواقع فراہم کرے گا بلکہ صوبے میں ماحول دوست ٹرانسپورٹ کو فروغ دے کر ماحولیاتی آلودگی میں کمی لائے گا۔

صوبائی وزیر برائے ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان کے مطابق پہلے مرحلے میں 1،100 ای ٹیکسیاں آسان اور بغیر سود اقساط کی فراہم کی جائیں گی جن میں 30 فیصد کوٹہ خواتین کے لیے مختص کیا گیا ہے تاکہ ہر طبقے سے تعلق رکھنے وا لے افراد اس کا فائدہ اٹھا سکیں۔

دیوان موٹرز کے ساتھ شراکت داری کی جائے گی اور ہونری VC20 اور VC30 ماڈلز دیے جائیں گے جن کی بیٹری رینج بالترتیب 200 کلومیٹر اور 300 کلومیٹر فی چارج ہوگی۔

چارجنگ اسٹیشن
لاہور میں ہر 5 سے 7 کلومیٹر پر چارجنگ اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے۔

ڈاؤن پیمنٹ کتنی دینی ہوگی؟
اس منصوبے کے تحت حکومت 65 لاکھ روپے کا بغیر سود قرض دے گی جبکہ گاڑی حاصل کرنے کے لیے 18 سے 20 لاکھ روپے کی ڈاؤن پیمنٹ دینی ہوگی جس پر حکومت کی طرف سے مزید معاونت پر غور کیا جا رہا ہے۔ اس قرض کی ماہانہ قسط 55 سے 60 ہزار روپے کے درمیان ہوگی۔

اہلیت کا معیار
اسکیم میں شامل ہونے کے لیے لازمی ہوگا کہ درخواست گزار پاکستانی شہری ہو اور اس کا پنجاب کا ڈومیسائل ہو۔ عمر21 سے 45 سال کے درمیان ہو کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ اور ڈرائیونگ لائسنس ہو جس کی معیاد ختم نہ ہوئی ہو۔ پاسپورٹ سائز فوٹو، ڈومیسائل یا یوٹیلیٹی بل ایڈریس کی تصدیق کے لیے اور بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات جمع کروانی ہوں گی۔
یہ اسکیم کم آمدنی والے افراد کے لیے ہے۔ زیادہ آمدنی والے یا مجرمانہ ریکارڈ رکھنے والے افراد اس اسکیم کے لیے اہل نہیں ہوں گے۔

ایک سے زیادہ گاڑیوں کے خواہشمند افراد کو این ٹی این یا کاروباری معلومات فراہم کرنی ہوں گی۔

درخواست دینے کا طریقہ کار
آن لائن رجسٹریشن سرکاری پورٹل پر قومی شناختی کارڈ اور فون نمبر کے ذریعے رجسٹریشن کرنی ہوگی۔ ون ٹائم پاسورڈ کے ذریعے رجسٹریشن کی تصدیق ہوگی۔

دستاویزات کی منظوری کے بعد کامیاب امیدوار بینک کے عمل کو مکمل کرے گا اور ٹیکسی کی حوالگی کا شیڈول حاصل کرے گا۔

پنجاب حکومت نے تمام خواہشمند امیدواروں سے درخواست کی ہے کہ وہ جلد از جلد درخواستیں جمع کرائیں کیوں کہ اسکیم کی آخری تاریخ کا اعلان سرکاری پورٹل پر جلد کیا جائے گا۔

یہ منصوبہ نہ صرف روزگار کے مواقع پیدا کرے گا بلکہ صوبے کو ماحولیاتی تحفظ کی جانب ایک اہم قدم آگے بڑھائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں