خطرناک جانوروں پر مبنی وی لاگز کے باعث مقبول پاکستانی ڈیجیٹل کریئٹر اذلان شاہ حال ہی میں ایک نئی ویڈیو کے باعث دوبارہ خبروں میں آگئے۔
اذلان شاہ نے ایک روز قبل انسٹاگرام پر شیئر کی گئی پوسٹ میں دوبارہ شادی کرنے کا ذکر کیا تھا جس پر انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے ایک نئی ویڈیو میں اس پوسٹ پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ان کے دوبارہ شادی کرنے کی بات کو سوشل میڈیا صارفین نے غلط انداز میں لیا۔
اذلان کے مطابق بہت سے لوگوں نے اسے مذاق سمجھا، کچھ نے الزامات لگائے جبکہ متعدد افراد نے نازیبا الفاظ بھی استعمال کیے۔
انہوں نے واضح کیا کہ وہ دراصل اپنی اہلیہ ڈاکٹر وریشا جاوید خان سے ہی دوبارہ شادی کرنے جا رہے ہیں، اور یہ کوئی دوسری شادی نہیں ہے۔
ڈاکٹر وریشا نے ویڈیو میں بتایا کہ ان کی شادی کی تیسری سالگرہ قریب ہے، اس لیے وہ ایک بار پھر شادی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
تاہم انہوں نے اعتراف کیا کہ اذلان کا اعلان کرنے کا طریقہ درست نہیں تھا اور اس سے غلط فہمیاں پیدا ہوئیں۔
سوشل میڈیا صارفین نے اس اعلان کو ایک غیر سنجیدہ اور توجہ حاصل کرنے کی کوشش قرار دیتے ہوئے جوڑے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
متعدد صارفین نے اسے ’سستی شہرت‘ اور ’غیر اخلاقی پبلسٹی اسٹنٹ‘ قرار دیا۔




