نیپا واقعہ؛ ایس ایس پی ایسٹ اور ڈپٹی کمشنر کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا

کراچی:ایس ایس پی ایسٹ ڈاکٹر فرخ رضا اور ڈپٹی کمشنر ایسٹ ابرار احمد جعفر کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا، اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ڈپٹی کمشنر ابرار احمد جعفر کو فوری طور پر محکمہ سروسز میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ ڈپٹی کمشنر ملیر کو ڈپٹی کمشنر ایسٹ کا اضافی چارج سونپ دیا گیا۔

ادھر آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے بھی پولیس افسران کے حوالے سے فیصلے کرتے ہوئے ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ایسٹ ڈاکٹر فرخ رضا کو عہدے سے ہٹا کر سینٹرل پولیس آفس (سی پی او) رپورٹ کرنے کا حکم جاری کیا۔

اسی سلسلے میں ڈی ایس پی نیوٹاؤن محمد معین اور کانسٹیبل سید عامر حسین کو بھی معطل کر دیا گیا اور دونوں اہلکاروں کو سینٹرل پولیس آفس رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی۔

اس سے قبل گلشن اقبال میں بچے کے گٹر میں گر کر جاں بحق ہونے کے معاملے میں کے ایم اسی، ڈی ایم سی اور واٹر بورڈ افسران اور اسسٹنٹ کمشنر کو معطل کردیا گیا۔ معطلی کے نوٹی فکیشن محکمہ بلدیات سندھ نے جاری کردیے ہیں۔

معطل ہوئے افسران میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز عمران راجپوت، ٹاؤن میونسپل کارپوریشن گلشن اقبال کے اسسٹنٹ انجینئر راشد فیاض، کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے ایگزیکٹو انجینئر وقار احمد، اسسٹنٹ کمشنر گلشن اقبال عامر علی شاہ، مختیار کار گلشن اقبال سلمان فارسی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ افسران کی معطلی وزیراعلی مراد علی شاہ کی ہدایت پر کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں