(روزنامہ جرأت)ایشین گیمز 2026 کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان صاحبزادہ فرحان نے ایونٹ میں ملک کے لیے میڈل جیتنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صاحبزادہ فرحان نے ٹیم کی تیاریوں، حکمت عملی سے متعلق اظہار خیال کیا۔ان کا کہنا تھا کہ قومی اسکواڈ متوازن اور نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اور وہ ایونٹ میں ملک کے لیے میڈل حاصل کرنے کے لیے انتہائی پرامید ہیں۔صاحبزادہ فرحان نے واضح کیا کہ ایونٹ میں تمام ٹیمیں ہمارے لیے اہم ہیں اور صرف بھارت کے ساتھ میچ ہی توجہ کا مرکز نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہماری پوری توجہ پہلے میچ پر ہے اور تمام مقابلوں کو یکساں اہمیت دیں گے۔ ایونٹ سے دو دن قبل پہنچ کر مقامی موسمی حالات سے ہم آہنگی پیدا کرنے کی کوشش کریں گے۔
پاکستان ٹیم کے کمبی نیشن اور نوجوان ٹیلنٹ پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صائم ایوب، معاذ صداقت اور حسن نواز جیسے کھلاڑی پاکستان کے لیے امید کی کرن ہیں، ایشین گیمز میں عمدہ کارکردگی کی بنیاد پر کھلاڑیوں کو مستقبل میں مزید اور بہتر مواقع مل سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے میچز کے لیے جاپان جاکر رگبی کے میدان کا معائنہ کیا، اس حوالے سے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا ہے، کراچی میں ختم ہونے والے چار روزہ تربیتی کیمپ میں بھی صورتحال کو مد نظر رکھ کر تیاریاں کی گئیں۔
ڈومیسٹک کرکٹ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ انٹرنیشنل سطح پر نا کام ہونے والے کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک کرکٹ میں واپس جا کر کھیلنا چاہیے کیونکہ ڈومیسٹک سطح پر مسلسل کھیلنے سے کھلاڑی کی صلاحیتوں میں مزید نکھار آتا ہے۔اپنی قیادت اور مستقبل کے حوالے سے صاحبزادہ فرحان کا کہنا تھا کہ بطور کپتان انتہائی پرامید ہوں، کپتان رہوں یا نہ رہوں، میری ترجیح کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھنا ہے، کوشش ہوگی کہ پی سی بی کے اعتماد پر پورا اتروں۔




