(روزنامہ جرأت)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں شرکت سے متعلق گردش کرتی خبروں پر خاموشی توڑ دی۔گزشتہ کچھ عرصے سے محمد عامر کے بارے میں بھارتی میڈیا پر یہ خبریں گردش کررہی تھیں کہ وہ برطانوی شہری کی حیثیت سے آئی پی ایل میں شرکت کرسکتے ہیں۔اب کرکٹر نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں خود ان خبروں کی تردید کی ہے۔انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھاکہ میں صرف یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ آئی پی ایل کے حوالے سے گردش کرتی خبریں درست نہیں۔
واضح رہے کہ محمد عامر رواں سال مئی میں برطانیہ کا پاسپورٹ حاصل کرنے کے بعد برطانوی شہری بن گئے ہیں۔
حال ہی میں انہوں نے برطانوی شہری کی حیثیت سے افغانستان پریمیئر لیگ کے لیے رجسٹریشن کروائی ہے جس کے بعد ان کی آئی پی ایل میں شرکت سے متعلق قیاس آرائیوں نے مزید زور پکڑ لیا تھا۔




