barrister gohar

بانی نے کوئی ڈیل نہیں کی، وزیر داخلہ سے ملاقاتوں کی تفصیل نہیں بتا سکتا، بیرسٹر گوہر

اسلام آباد:(روزنامہ جرأت) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ بانی نے کوئی ڈیل نہیں کی۔ صحافی کےسوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ سے ملاقاتوں کی تفصیل نہیں بتا سکتا۔
سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست سے متعلق آمد کیے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم کی واضح خلاف ورزی کی گئی ہے۔ ہم نے توہین عدالت کی درخواست دائر کر رکھی ہے، چیف جسٹس پاکستان سے ملاقات کی کوشش کی، وہ مصروف تھے، ملاقات نہیں ہوسکی۔
انہوں نے بتایا کہ ہم نے رجسٹرار سپریم کورٹ سے ملاقات کی ہےا ور استدعا کی ہے کہ کیس کل یا پرسوں لگائیں۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ 15 مرتبہ سپریم کورٹ 25 مرتبہ ہائیکورٹ گئے ہیں۔ سپریم کورٹ سے درخواست کی ہے کہ 18 اگست حکم پر عملدرآمد کروایا جائے۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سپریم کورٹ میں عدالتیں رات کو بھی بیٹھی ہیں، اتوار کو بھی بیٹھی ہیں۔ رجسٹرار نے آج ہی کیس کی فائل چیف جسٹس کے سامنے رکھنے کا کہا ہے۔ سپریم کورٹ کے حکم کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ دنیا دیکھ رہی ہے کہ کیا سپریم کورٹ اپنے حکم پر عمل کروائے گی؟۔
انہوں نے کہا کہ بانی نے کوئی ڈیل نہیں کی۔ کیا پہلے لوگ ضیا الدین اسپتال نہیں گئے ؟، کیا سپریم کورٹ کسی کو اسپتال بھیجنے کا حکم نہیں دے سکتی؟۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ 26 نومبر کیس میں ہمارے لوگ شہید اور زخمی ہوئے تھے ۔ ہم چاہتے تھے جج صاحب اس کیس میں نوٹس کرتے۔ 26 نومبر کے کیس میں ہم سے زیادہ کس کو دلچسپی ہو سکتی ہے ۔
بیرسٹر گوہر سے ایک صحافی نے سوال کیا کہ کیا بانی پی ٹی سے متعلق سپریم کورٹ کے حکم سے پہلے محسن نقوی سے آپ کی ملاقات ہوئی، جس پر انہوں نے جواب دیا کہ میری گاہے بگاہے ملاقاتیں ہوتی رہی ہیں۔ ملاقاتوں کی تفصیل نہیں بتا سکتا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں