(روزنامہ جرأت)حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں دوسرے روز بھی کمی کردی اور وزارت توانائی کی جانب سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔وزارت توانائی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کے طریقہ کار کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کردیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 4 روپے 21 پیسے فی لیٹر کمی کردی گئی ہے اور نئی قیمت 414 روپے 75 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں ایک روپیہ 93 پیسے فی لیٹر کمی کی اور نئی قیمت 390 روپے 12 پیسے فی لیٹر مقرر کردی ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمت کا اطلاق 24 ستمبر 2026 کے لیے ہوگا۔وزارت توانائی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ عالمی سطح پر پلاٹس ریٹس، پریمیم اور دیگر عوامل میں تبدیلی کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ حکومت نے گزشتہ روز بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرتے ہوئے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 392 روپے 5 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 418 روپے 96 پیسے مقرر کی تھی۔




