راولپنڈی بورڈ کا میٹرک کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان، کامیابی کا تناسب 61.31 فیصد

راولپنڈی:(روزنامہ جرأت) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن، راولپنڈی نے میٹرک کے سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج کا اعلان کر دیا، جس میں کامیابی کا تناسب مجموعی طور پر 61.31 فیصد رہا۔
مرکزی تقریب فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی راولپنڈی میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں ایم این اے ملک ابرار احمد نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔چیئرمین راولپنڈی بورڈ پروفیسر ڈاکٹر اقبال محمود سمیت بورڈ افسران جبکہ نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات، انکے والدین اور اساتذہ بھی تقریب میں شریک ہوئے۔
مجموعی طور پر محمد منان احتشام نے 1191 نمبر لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی جن کا تعلق العامر فاؤنڈیشن سیکنڈری اسکول فار بوائز دولتالہ گوجر خان سے ہے۔زونیرہ طاہر نے 1180 نمبر لے کر دوسری پوزیشن حاصل کی، جن کا تعلق پریزنٹیشن کانونٹ ہائی اسکول فار گرلز پنڈی پوائنٹ مری سے ہے جبکہ محمد فصیح عبداللہ نے 1178 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی جن کا تعلق کیمرج انٹرنیشنل بوائز سیکنڈری اسکول تلہ گنگ سے ہے۔سالانہ امتحان میں 1لاکھ 20 ہزار 411 طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔لڑکیوں کی کامیابی کی شرح 51.99 جبکہ لڑکوں کی کامیابی کی شرح 70.18 رہی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں