security forces operation

سیکیورٹی فورسز کی وانا میں انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی، دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا

(روزنامہ جرأت)سیکیورٹی فورسز نے وانا میں انٹیلیجنس کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردی کی بڑی کوشش ناکام بنا دی۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق وانا میں بارودی مواد سے بھری گاڑی خودکش حملے سے پہلے ہی تباہ کردی گئی، گاڑی میں موجود دھماکا خیز مواد ممکنہ طور پر دہشتگرد حملے میں استعمال کیا جانا تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کارروائی میں سکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت سے معصوم شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا، خودکش حملے کیلئے تیار گاڑی کی مسلسل 3 دن نگرانی کی گئی اور آبادی سے دور جانے پر اسے نشانہ بنایا گیا۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی میں بارود سے بھری گاڑی اور موٹر سائیکل تباہ ہو گئے جبکہ ایک خارجی ہلاک اور 5 زخمی ہوئے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے وانا میں دہشت گردی کی کوشش ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فورسز نے وانا اور گرد و نواح کی آبادی کو ممکنہ تباہی سے بچایا، سکیورٹی فورسز نے بارود سے بھری گاڑی اور موٹر سائیکل کو حملے سے قبل تباہ کیا۔انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے کمال مہارت سے شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا، خودکش حملے کا ناپاک منصوبہ وقت سے پہلے ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتا ہوں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں