راولپنڈی: (روزنامہ جرأت)پاک فضائیہ کے ڈپٹی چیف آف ائیر اسٹاف پروجیکٹس ائیر وائس مارشل طارق غازی نے کہا ہےکہ ہم نے آپریشن بنیان المرصوص میں بھارت کے 8 طیارے گرائے اور اب ہم 8 صفر پر ہیں۔
معرکہ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر ڈی جی آئی ایس پی آر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ائیر وائس مارشل طارق غازی نےکہا کہ بھارت کے گرائے گئے جہازوں میں 4 رافیل، ایس یو 30، مگ 29 اور میراج 2000 شامل ہے، اس کے علاوہ ایک انتہائی مہنگا کثیرالجہتی خود کار ائیرل سسٹم بھی تباہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے آپریشن بنیان المرصوص میں بھارت کے 8 طیارے گرائے اور اب ہم 8 صفر پر ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر اور ڈپٹی چیف آف ائیر اسٹاف پراجیکٹس کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف آپریشنز کا کہنا تھا کہ معرکہ حق کے دوران بھارتی بحریہ نے کئی بار اپنا بحری بیڑہ تعینات کرنے کی کوشش کی، معرکہ حق کے دوران ہماری بندرگاہیں فعال اور ساحلی تنصیبات محفوظ رہیں، معرکہ حق کے دوران ہماری ہم آہنگی ہماری فتح کی ضامن بنی، ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔
اس موقع پر ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھاکہ طارق غازی نے بھی کہا کہ ہم مستقبل کی جنگ کی تیاری کررہے ہیں، ائیرفورس کا پائلٹ جب جہاز میں جارہا تھا تو اس کے ذہن میں ڈر نہیں تھا، یہ دنیا تو آنی جانی چیز ہے، جتنا وہ زندگی سے پیار کرتے ہیں، اتنا پیار ہمیں شہادت سے ہے، شہید کی موت اس کا زیور ہوتی ہے۔
احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا کہ معرکہ حق میں ہم نے اپنے سے 5 گنا بڑے دشمن کو ملٹی ڈومین وار میں شکست دی، یہ بات پاکستانی بچوں کے ساتھ ہندوستانی بچے بھی جانتے ہیں لیکن یہ الگ بات ہے کہ وہ اسے مانتے نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے بہت مکاری سے بیانیہ بنایا کہ پاکستان دہشتگردی کرتا ہے لیکن بھارت خود دہشتگردی میں ملوث ہے، بھارت کشمیر اور منی پور میں لوگوں پر ظلم کر رہا ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نےمزید کہا کہ پہلگام واقعے کو ایک سال مکمل ہوگیا لیکن پاکستان نے جو سوالات اٹھائے تھے وہ اب بھی جوں کے توں موجود ہیں، جواب دیں کون لوگ تھے جنہوں نے یہ کروایا، بھارت بتائے کس دہشتگرد کیمپ کو نشانہ بنایا، انہوں نے 15 منٹ کے بعد مقدمہ درج کر دیا کہ دہشتگرد سرحد پار سے آئے تھے لیکن ان کی انٹیلی جنس ایجنسیاں اتنی نالائق ہیں کہ سرحد سے سیکڑوں کلو میٹر اندر آنے والوں کو روک نہ سکیں۔




