کراچی: (روزنامہ جرأت)ملک بھر میں چہلم حضرت امام حسینؓ انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے، مختلف شہروں سے آج جلوس برآمد ہوں جن کی سیکیورٹی کے غیر معمولی اور فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔
کراچی، لاہور، راولپنڈی، حیدرآباد، فیصل آباد، کوئٹہ اور پشاور سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں جلوس برآمد ہونے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔شہر بھر میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے مجموعی طور پر بڑی تعداد میں پولیس افسران و اہلکار سیکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات کیے جائیں گے۔پولیس ذرائع کے مطابق کراچی کی 642 امام بارگاہوں اور مجالس کی سیکیورٹی کے لیے 4 ہزار 994 پولیس افسران اور ہلکار تعینات ہوں گے۔
ترجمان پولیس کے مطابق جلوس کی سیکیورٹی کے لیے سی سی ٹی وی کنٹرول رومز قائم ، سرچ اینڈ اسکواڈ اورعمارتوں پراسنائپرز تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ ، پوسٹ انسیڈنٹ رسپانس ٹیمیں بھی فرائض انجام دیں گی۔مرکزی جلوس کے تمام روٹس سے ملحقہ سڑکوں کو مکمل طور پر بند رکھا جائے گا شہریوں کے لیے متبادل ٹریفک پلان بھی جاری کر دیا گیا جبکہ نشتر پارک اور اطراف میں بھی غیر معمولی سیکیورٹی اقدامات کیے گئے ہیں۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی نے تمام ایس ایچ اوز کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں موجود رہتے ہوئے پیٹرولنگ، اسنیپ چیکنگ اور پکٹنگ کو مزید سخت کریں۔ حساس تنصیبات، عوامی مقامات اور اہم عمارتوں پر ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی مزید مربوط بناتے ہوئے چیکنگ اور سرچنگ کے عمل کو مؤثر بنایا گیا ہے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کی جانب سے جلوسوں اور اہم مقامات پر سوئپنگ اور کلیئرنس کا عمل مکمل کیا جائے گا۔
ایڈوانس انٹیلیجنس کلیکشن اور اس کی تھانہ سطح پر فوری شیئرنگ کو بھی مزید مؤثر بنانے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی اقدامات میں کسی بھی قسم کی غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔



