molanafazalurrahman

مولانا ادریس نے اسلام اور پاکستان کے دفاع کی قیمت چکائی ہے، مولانا فضل الرحمان

(روزنامہ جرأت)جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے شیخ الحدیث، سابق ایم پی اے، رکن مرکزی مجلس شوریٰ جے یو آئی مولانا ادریس کی شہادت کی مذمت و افسوس کا اظہار کیا ہے۔مولانا فضل الرحمان نے اپنے بیان میں کہا کہ شیخ الحدیث مولانا ادریس کی شہادت کی خبر سے دل رنجیدہ ہے، مولانا ادریس نے اسلام اور پاکستان کے دفاع کی قیمت چکائی ہے۔ سفید ریش عالم دین کی شہادت قرآن وسنت اور پاکستان کی بات کرنے والوں پر حملہ ہے۔
سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ علماء پاکستان کے بے لوث نظریاتی محافظ ہیں لیکن ان کی حفاظت کا کوئی انتظام نہیں۔ مولانا ادریس شہید نے ہمیشہ امن کی بات کی، افسوس کہ آج وہ خود بدامنی کا شکار ہوگئے۔ مولانا ادریس بلند پایہ عالم، نکتہ داں واعظ اور مدبر سیاستدان تھے۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مولانا شہید کی پوری زندگی دین کی اشاعت وخدمت میں گزاری، مولانا شہید سے برسوں پر محیط اعتماد، شفقت اور دوستی کا دیرینہ تعلق تھا، سفاک ظالموں نے ہمیں مخلص دوست اور با وفا رہنما سے محروم کردیا۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مولانا دینی امور سمیت سیاسی معاملات میں صاحب الرائے اور دلیل کی بنیاد پر موقف رکھتے تھے، دارالعلوم حقانیہ کے درودیوار اور ہزاروں طلباء سمیت جے یو آئی کا ہر کارکن غمزدہ ہے، اللہ کریم مولانا کی شہادت کو قبول فرمائے اور ان کی خدمات کو ان کے لئے صدقہ جاریہ بنائے۔
مولانا فضل الرحمان نے مطالبہ کیا کہ قاتلوں کو فوری گرفتار کرکے نشان عبرت بنایا جائے، لاقانونیت اور دہشت گردی حکومت کے منہ پر طمانچہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں